منگلورو:3/نومبر (ایس او نیوز) پاپولر فرنٹ آف انڈیا بنگلورو کے ضلعی صدر ہاشم شریف کو آر ایس ایس کارکن ردریش قتل معاملے میں گرفتارکئے جانے کے خلاف ساحلی اضلاع کے منگلورو ، اُڈپی اور کنداپور میں پی ایف آئی کی طرف سے احتجاج کرتے ہوئے میمورنڈم سونپاگیا۔
منگلورو میں ڈی سی دفتر کے سامنے احتجاجیوں سے خطاب کرتے ہوئے محمد حنیف کاٹی پالیا نے کہاکہ حال ہی میں بنگلورو آر ایس ایس کے کارکن ردریش کا قتل ہوا تھا معاملے میں 4لوگوں کو گرفتاربھی کرلیا گیا تھا، موصولہ اطلاعات کے مطابق دو گروہوں میں جاری دشمنی کی وجہ سے ردریش کا قتل ہوا ہے، لیکن اسی معاملے میں بنگلورو پولس نے بنگلورو ضلع پی ایف آئی کے ضلعی صدر ہاشم شریف کو گرفتار کیاہے جس کی پی ایف آئی سخت مذمت کرتی ہے، ہاشم شریف بالکل معصوم ہیں وہ کسی طرح بھی اس میں ملوث نہیں ہونے کی بات کہی۔ حنیف نے کہاکہ بی جے پی کے دباؤ میں ریاستی حکومت نے پی ایف آئی کے ذمہ دارکو جھوٹے الزامات کی بنیاد پرگرفتار کیا ہے، انہوں نے آرایس ایس اور بی جے پی پر الزام لگایا کہ ردریش قتل معاملے کی جانچ کو دوسرا موڑ دینے کی کوشش کررہے ہیں۔ اس سے قبل بھی ریاست کے مختلف مقامات پر انجام دئیے گئے قتل معاملوں میں بی جے پی اور آرایس ایس نے پی ایف آئی کے کارکنوں کے شامل ہونے کا الزام لگایا تھا لیکن بعد کی جانچ نے ثابت کیا ہے کہ پی ایف آئی نہیں بلکہ خود ان کے ہی کارکن ملوث پائے گئے۔ انہوںنے کہا کہ ہم اس بے انصافی کے خلاف لڑیں گے ، ہمیں قانون پر مکمل اعتماد ہے اور یقین ہے کہ ہاشم شریف بے قصور رہا ہونگے۔ اس کے بعد ڈی سی کمشنر ڈاکٹر جگدیش کو میمورنڈم سونپا گیا ۔